ڈھاکہ،13اپریل(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بنگلہ دیش میں حکام کے مطابق ایک کالعدم عسکریت پسند تنظیم کے سربراہ اور اس کے دو ساتھیوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ ان افراد پر سن 2004 میں ایک معروف اسلامی مزار پر ایک برطانوی سفارت کار پر دستی بم حملے میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ ا س حملے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے، اس دستی بم حملے کا ہدف برطانوی ہائی کمشنر انور چوہدری تھے، جو بال بال بچ گئے تھے۔ بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ اسد الزمان نے کہا ہے کہ شدت پسند تنظیم حرکت الجہاد کے سربراہ اور اس کے ایک ساتھی کو گزشتہ روز کاسم پور جیل میں پھانسی دے دی گئی ہے جبکہ حملے میں ملوث ایک اور مجرم کو ضلع سلہٹ کی جیل میں پھانسی دی گئی۔